ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / رسوئی گیس میں 50 روپے کا اضافہ، سبسڈی ختم کر کے مودی حکومت نے غریبوں پر حملہ بولا: کانگریس

رسوئی گیس میں 50 روپے کا اضافہ، سبسڈی ختم کر کے مودی حکومت نے غریبوں پر حملہ بولا: کانگریس

Sun, 08 May 2022 00:01:00    S.O. News Service

نئی دہلی،8؍مئی (ایس او نیوز؍ایجنسی) کانگریس نے الزام لگایا ہے کہ مرکز کی مودی حکومت نے ایل پی جی پر دی جانے والی سبسڈی کو ختم کرکے غریب اور متوسط ​​طبقے کو کاری ضرب لگائی ہے۔ خیال رہے کہ ہفتہ کے روز ملک بھر میں 14.2 کلو والے گھریلو ایل پی جی سلنڈر کے داموں میں 50 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ اب ملک کی راجدھانی میں 14.2 کلو گھریلو ایل پی جی سلنڈر کی قیمت 999.50 روپے فی سلنڈر ہو گئی ہے۔

ایل پی جی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے پیش نظر حکومت پر حملہ کرتے ہوئے کانگریس کے جنرل سکریٹری رندیپ سنگھ سرجے والا نے ہفتہ کی صبح ٹویٹ کیا اور کہا، "بی جے پی مالامال ہو رہی ہے اور عوام بے حال۔ بی جے پی کے دور میں سبسڈی والے ایل پی جی سلنڈر کے دام ڈھائی گنا بڑھ گئے ہیں۔ مئی 2014 میں 414 روپے میں ملنے والا سلنڈر آج 999.50 روپے میں مل رہا ہے اور اس میں 585.5 روپے کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔‘‘

سرجے والا نے کہا ’’ہمارا مطالبہ ہے کہ سبسڈی والے ایل پی جی سلنڈر کے ساموں کو 2014 کی سطح پر لایا جائے۔ مودی سرکار نے گیس سبسڈی ختم کرکے غریب اور متوسط ​​طبقے پر کاری ضرب لگائی ہے۔‘‘

کانگریس کی ترجمان ڈاکٹر شمع محمد نے ٹوئٹ کیا، ’’14.2 کلو والے گھریلو ایل پی جی سلنڈر کے داموں میں 50 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ سلنڈر کی قیمت 999.50 روپے فی سلنڈر ہو گئی ہے۔ مارچ 2014 میں اس کی قیمت 410.50 روپے فی سلنڈر ہوا کرتی تھی۔ آخر غریب اور متوسط ​​طبقہ اس قیمت پر سلنڈر کیسے خرید سکے گا؟’’


Share: